جو عالم ايجاد ميں ہے صاحب ايجاد
جو عالم ایجاد میں ہے صاحبِ ایجاد
ہر دور میں کرتا ہے طواف اس کا زمانہ
معانی: عالم ایجاد: ایجاد کی دنیا ۔ صاحب ایجاد: ایجاد کرنے والا، موجد ۔ طواف: پھیرے لینا، چکر کاٹنا ۔
مطلب: جو شخص ایجاد یعنی نئی نئی چیزیں دریافت کرنے اور بنانے والی دنیا سے تعلق رکھتا ہے اور جسے لوگ ایجاد کا مالک یا نئی نئی چیزوں کو دریافت کرنے والا یا موجد کہتے ہیں ہر زمانہ میں اس کی قدر و منزلت رہی ہے اور زمانہ اس کے پھیرے لیتا رہتا ہے یعنی اہل زمانہ میں وہ مشہور و مقبول رہا ہے ۔
تقلید سے ناکارہ نہ کر اپنی خودی کو
کر اس کی حفاظت کہ یہ گوہر ہے یگانہ
معانی: تقلید: پیروی ۔ ناکارہ: بے کار ۔ خودی: خودآگاہی ۔ گوہر: موتی ۔ یگانہ: بے مثل ۔
مطلب: اے شخص تو بھی نئی نئی چیزیں اور دنیا دریافت کر نے کی طرف دھیان دے ۔ محض اپنے زمانے کی پیروی نہ کر اور اندھا دھند اس کے پیچھے نہ چل ورنہ تیری خودی کا وہ گوہر جو بے مثل ہے بے کار ہو جائے گا ۔
اس قوم کو تجدید کا پیغام مبارک
ہے جس کے تصور میں فقط بزمِ شبانہ
مطلب: جو قوم کبھی راتوں کی عیش و عشرت میں مشغول تھی یعنی لہو و لعب میں مشغول اور بے عمل تھی اب اس کے دل میں بھی نئی دنیا آباد کرنے اور قدیم غلط روایات کی پیروی سے باز آنے کا خیال پیدا ہو گیا ہے ۔ یہ اس لیے نیک فال ہے ۔ خدا کرے وہ بھی اجتہاد کو جدید تقاضوں کے مطابق کرنے سے کام لے کر دوسری ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہو جائے لیکن اس طرح کہ اپنا مرکز عقائدنہ چھوڑے ۔
لیکن مجھے ڈر ہے کہ یہ آوازہَ تجدید
مشرق میں ہے تقلیدِ فرنگی کا زمانہ
معانی: آوازہ: غلغلہ دھوم ۔ تجدید: نئی دنیا آباد کرنا ۔ تقلید فرنگی: اہل مغرب کی پیروی ۔
مطلب: اس سے پہلے شعر میں علامہ نے مشرقی اقوام خصوصاً مسلمانوں کو اس بات پر مبارک باد دی ہے کہ ان کے دلوں میں بھی قدیم زمانے کی اندھا دھند تقلید کی بجائے نیا جہان آباد کرنے اور نئی نئی ترقیاں کرنے کا خیال پیدا ہو رہا ہے لیکن اس مبارک باد کے ساتھ ساتھ یہ تنبیہ بھی کر رہے ہیں کہ یہ ترقی ایسی نہ ہو کہ ہم تہذیب، تمدن، ثقافت وغیرہ میں اہل مغرب کی پیروی کرنے لگیں اور ان کی طرح انسانی اقدار کو برباد کر بیٹھیں ۔ یہ ترقی اور تجدید اس طرز پر ہونی چاہیے کہ اپنی مذہبی اور انسانی اقدار بھی قائم رہیں اور ترقی بھی حاصل ہو جائے