با ل جبر یل - منظو ما ت

ذوق و شوق

ذوق و شوق
(ان اشعار میں سے اکثر فلسطین میں لکھے گئے)

دریغ آمدم زاں ہمہ بوستاں
تہی دست رفتن سوئے دوستاں

مطلب: افسوس ہے اگر باغوں میں جاتا ہوا دوستوں کے لیے کوئی تحفہ نہ لے جاؤں اور خالی ہاتھ چلا جاؤں (سعدی)

قلب و نظر کی زندگی دشت میں صبح کا سماں
چشمہَ آفتاب سے نور کی ندیاں رواں

مطلب: اس شعر میں اقبال کا اشارہ فلسطین کی جانب ہے کہ اس کے صحرا میں صبح کا ایسا منظر نظر آیا جو قلب و نظر کو منور کر گیا ۔ پھر جب آفتاب طلوع ہوا اور اس کی کرنیں فضائے بسیط پر رقص کرنے لگیں تو یوں محسوس ہوا جیسے نور کی ندیاں رواں ہوں ۔

حُسنِ ازل کی ہے نمود، چاک ہے پردہَ وجود
دل کے لیے ہزار سُود، ایک نگاہ کا زیاں

معانی: سود: فائدے ۔ نگاہ کا زیاں : نظر کا نقصان ۔
مطلب: نگاہوں نے جو منظر دیکھا ہے اس کے مطابق یوں لگتا ہے کہ حسن ازل ایک بار اپنے مستور حصار کو توڑ کر پھر سے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ گویا وہی منظر سامنے ہے جو تخلیق کائنات کے مرحلے پر دیکھنے میں آیا تھا ۔ یہی وہ منظر تھا جو تخلیق آدم کا مظہر بنا ۔ ایسا منظر دیکھنے سے انسان کو وہ دولت مل جاتی ہے جو اسے حیات نو سے روشناس کراتی ہے ۔

سُرخ و کبود بدلیاں چھوڑ گیا سحابِ شب
کوہِ اصنم کو دے گیا رنگ برنگ طیلساں

معانی: سرخ و کبود: سرخ اور نیلی ۔ سحابِ شب: رات کا بادل ۔ کوہِ اصنم: ایک پہاڑ کا نام جو مدینے کے پاس ہے ۔ طیلساں : چادر ۔
مطلب: فضا میں رات کے وقت جو بادل چھائے ہوئے تھے وہ صبح دم نیلی اور سرخ بدلیاں چھوڑ گئے اور مدینہ منورہ سے شمال کی جانب واقع کوہ اصنم کو ان بدلیوں کی رنگ برنگی چادر نے ڈھانپ لیا ۔

گرد سے پاک ہے ہوا، برگِ نخیل دھل گئے
ریگِ نواحِ کاظمہ نرم ہے مثل پرنیاں

معانی: برگِ نخیل: درختوں کے پتے ۔ نواحِ کاظمہ: مدینے کے قریب کاظمہ کا ریگستان ۔
مطلب: اس منظر میں بارش کی آمد نے ہوا کو گرد و غبار سے پاک کر دیا ہے ۔ صحرا میں ایستادہ کھجور کے درختوں کی شاخیں پھواروں سے دھل کر اور زیادہ نکھر گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس بارش کی وجہ سے مدینہ منورہ کے قرب و جوار میں پھیلی ہوئی ریت ریشم کی مانند نرم ہو گئی ہے ۔

آگ بجھی ہوئی ادھر، ٹوٹی ہوئی طناب ادھر
کیا خبر اس مقام سے گذرے ہیں کتنے کارواں

معانی: طناب: خیمے کی رسی ۔
مطلب: اس شعر میں اقبال نے اس علاقے کی جنگوں اور معرکہ آرائیوں کے پس منظر میں ان فوجی قافلوں اور عساکر کی نشاندہی کی ہے ۔ میدان مبارزت میں جاتے ہوئے جنہوں نے یہاں عارضی طور پر قیام کیا لیکن پھر افراتفری میں اس طرح روانگی اختیار کی کہ چغے لپیٹتے ہوئے ان کی طنابوں کے ٹوٹنے کی پروا بھی نہیں کی ۔ گزشتہ ایک صدی کے دوران فلسطین اور اس علاقے کے لوگوں کو جس محا ذ آرائی سے واسطہ رہا وہ تاریخ کا ایک اہم باب ہے ۔ اقبال نے اسی جانب اشارہ کیا ہے ۔

آئی صدائے جبرئیل تیرا مقام ہے یہی
اہلِ فراق کے لیے عیشِ دوام ہے یہی

مطلب: اقبال کا کہنا ہے کہ دوران سفر اس مقام پر محض یوں لگا کہ حضرت جبرئیل اس امر سے مجھے مطلع کر رہے ہیں کہ میں اس علاقے کی تاریخ اور حقائق سے آگاہی کا خواں تو یہی وہ مقام ہے جس کے جائزے اور کواءف سے مجھے حقیقت احوال کا پتہ چل سکتا ہے ۔

کس سے کہوں کہ زہر ہے میرے لیے مئے حیات
کہنہ ہے بزمِ کائنات، تازہ ہیں میرے واردات

معانی: کہنہ ہے بزم کائنات: کائنات کی محفل پرانی ہے ۔ تازہ: نئے ۔ واردات: تجربات ۔
مطلب: اقبال کہتے ہیں کہ مجھے قدرت نے ایسے دور میں تخلیق کیا ہے کہ وہ انتہائی کہنہ عقائد کی آماجگاہ ہے اس پر ستم یہ کہ مجھے ایسے فرسودہ معاشرے میں نئے تصورات اور اجتہادی فکر کے ساتھ بھیجا گیا ہے ۔ اب اس کا گلہ اور شکایت کس سے کی جائے کہ اس نوع کی تضادات نے میری زندگی میں زہر گھول کر رکھ دیا ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ عہد حال کے پس منظر میں میری سوچ اور نظر مستقبل تک رسائی حاصل کرنے کی اہل ہے جب کہ میرے گردوپیش فرسودہ اور منتشر نظریات سرگرداں نظر آتے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ جس عہد میں آج انسان سانس لے رہا ہے وہ بے حد پرانا ہو چکا ہے جو نئے افکار کو برداشت کرنے کا اہل نہیں ۔

کیا نہیں اور غزنوی کارگہِ حیات میں
بیٹھے ہیں کب سے منتظر اہلِ حرم کے سومنات

معانی: غزنوی: محمود غزنوی ۔ کارگہِ حیات: زندگی کا میدانِ جنگ ۔ اہلِ حرم کے سومنات: مسلمانوں کے بت ، قبریں ، فرقے ۔
مطلب: اس وقت صورت حال یہ ہے کہ فقیہان کرام نے حرم اور مساجد کو بھی اسی طرح اندھی تقلید اور پرستش کی آماجگاہ بنا لیا ہے جس طرح سومنات کے مندر میں بتوں کی پرستش کا دور دورہ تھا ۔ چنانچہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نظام کو بدلنے کے لیے محمود غزنوی جیسا کوئی مرد مجاہد اٹھے اور اس صورت حال کو اسی طرح تبدیل کر دے جس طرح اس نے سومنات کے مندر میں بتوں کو پاش پاش کر کے لوگوں میں وحدانیت کا تصور پیدا کیا تھا ۔ مراد یہ ہے کہ کائنات میں فکری سطح پر انقلابی تبدیلی کی ضرورت ہے جو مروجہ فرسودہ نظام کو یکسر بدل ڈالے ۔

ذکرِ عرب کے سوز میں ، فکرِ عجم کے ساز میں
نے عربی مشاہدات، نے عجمی تخیلات

معانی: مشاہدات: تجربے ۔ تخیلات: خیالات ۔
مطلب: بغور جائزہ لیا جائے تو عرب اور عجم دونوں کا سارا ماحول اور منظر نامہ بدل کر رہ گیا ہے ۔ پہلے عربوں کو ایک آزاد اور حقیقت پسند قوم سے تعبیر کیا جاتا تھا لیکن اب ان میں تصور آزادی اور حقیقت پسندی کا فقدان ہے ۔ یہی حالت اہل عجم کی ہے جو اپنی بلندی فکر اور اعلیٰ تصورات کے باعث بین الاقوامی سطح پر شہرت رکھتے تھے ۔ اب تو عرب بھی اور اہل عجم بھی اپنی تمام تر خصوصیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔

قافلہَ حجاز میں ایک حسین بھی نہیں
گرچہ ہے تاب دار ابھی گیسوئے دجلہ و فرات

معانی: تاب دار: خم دار ۔ گیسوئے دجلہ و فرات: یعنی عراق کے معاملات ۔
مطلب: اقبال کہتے ہیں کہ ملت اسلامیہ کے لیے اس سے بڑا المیہ اور کیا ہو گا کہ آج پورے حجازی قافلے میں ایک فرد بھی ایسا نظر نہیں آتا جو نواسہَ رسول حضرت امام حسین جیسی سیرت و کردار کا مالک ہو اور ظلم و استبداد کے علاوہ آمریت کے خلاف سربکف اعلان جہاد کر سکے ۔ بدقسمتی یہ ہے کہ ظلم و استبداد اور آمریت آج بھی اپنے عروج پر ہے لیکن اس کے خلاف رزم آرائی کے لیے ایک بھی حسین جیسا جہاد کرنے والا پوری ملت اسلامیہ میں موجود نہیں ۔

عقل و دل و نگاہ کا مرشدِ اولیں ہے عشق
عشق نہ ہو تو شرع و دیں بتکدہَ تصورات

معانی: بتکدہَ تصورات: فرضی بت خانہ ۔
مطلب: اس کی وجہ یقینا یہ بھی ہے کہ انسان کے قلب میں عشق حقیقی جو ولولہ پیدا کرتا ہے وہ عشق ہی اب ناپید ہے ۔ کربلا میں شہادت عظمیٰ کی اساس یہی عشق حقیقی تھا جس کی بدولت حسین نے نہ صرف یہ کہ اپنی جان ہار دی بلکہ اپنے عزیز و اقارب سمیت بہتر رفقاء کو میدان کربلا میں قربان کر دیا ۔ یہ عشق حقیقی ہی تھا جس کی بدولت نواسہَ رسول نے انتہائی نامساعد حالات او بے سروسامانی کے عالم میں ظلم و استبداد کے خلاف جہاد کر کے حیات جاوداں حاصل کی ۔ دراصل عشق حقیقی ہی دل و دانش اور نگاہ کی رہنمائی کرتا ہے ۔ عشق کے بغیر تو مذہب اور شریعت محض تصوراتی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں ۔

صدقِ خلیل بھی ہے عشق، صبرِ حسین بھی ہے عشق
معرکہَ وجود میں بدر و حنین بھی ہے عشق

مطلب: چنانچہ یہ عشق ہی تھا جس کی بدولت حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے سچائی اور راست بازی کا رتبہ بلند حاصل کیا ۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین نے کربلا کے میدان میں جو قربانیاں دیں اور تین روز کی بھوک اور پیاس کے باوجود لشکر یزید کے خلاف علم جہاد بلند کر کے سر کٹوایا اور زندگی کے آخری مرحلے تک صبر و شکر کا مظاہرہ کیا تو یہ سارا عمل عشق حقیقی کا ہی مرہون منت تھا ۔ اس کے علاوہ پیغمبر اسلام حضور سرور کائنات نے بدر و حنین کے معرکوں میں کفار کو زیر کر کے جو کامیابیاں حاصل کیں وہ بھی عشق حقیقی کے سبب کیں ۔

آیہَ کائنات کا معنیِ دیریاب تو
نکلے تری تلاش میں قافلہ ہائے رنگ و بو

مطلب: اقبال فرماتے ہیں کہ خدا نے جس نے آیات نازل کی ہیں اس طرح کائنات کو بھی تخلیق کیا ہے اور اگر کائنات کو بھی ایک آیت سے تشبیہ دے لی جائے تو یہ ایک ایسی آیت ہو گی جس کا مفہوم اے عشق حقیقی تو ہے کہ آسانی سے جس کی تفہیم نہیں ہو سکتی ۔ ارباب ظاہر و باطن تیری جستجو میں ہیں کہ تیرے بغیر وہ اپنے مقصد میں کامیاب و کامران نہیں ہو سکتے ۔

جلوتیانِ مدرسہ کور نگاہ و مُردہ ذوق
خلوتیانِ میکدہ کم طلب و تہی کدو

معانی: جلوتیانِ مدرسہ: مدرسے کے استاد ۔ کور نگاہ: اندھے ۔ خلوتیانِ میکدہ: میکدے میں چھپ کر پینے والے ۔ تہی کدو: تھوڑی طلب رکھتے ہیں ۔
مطلب: لیکن صورت حال یہ ہے کہ جو لوگ بظاہر تحصیل علم میں مصروف ہیں وہ بے بصیرت اور حقیقت سے ناشناس ہیں ۔ ان کے دلوں میں عملاً طلب علم کا ذوق مردہ ہو چکا ہے اور جو لوگ میکدے میں براجمان ہیں وہ صرف کم ظرف ہی نہیں بلکہ خالی پیمانے پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہیں ۔ مراد یہ زندگی کے لیے عملی جدوجہد سے عاری اور تہی دست ہیں ۔

میں ، کہ مری غزل میں ہے آتشِ رفتہ کا سراغ
میری تمام سرگزشت کھوئے ہوؤں کی جستجو

معانی: آتش رفتہ کا سراغ: گزری ہوئی آگ کا سوز ۔ سرگزشت کھوئے: پرانے مسلمانوں کا جوش کہانی ۔ جستجو: تلاش ۔
مطلب: اس شعر میں اقبال کہتے ہیں کہ جہاں تک میری تخلیقی کاوشوں کا سوال ہے تو بس اسی قدر کہہ سکتا ہوں کہ میں نے اشعار میں اس آتش رفتہ کا سراغ لگانے اوراس میں از سر نو حرارت پیدا کرنے کی سعی کی ہے جو عرصے سے اپنی فطری صلاحیت سے محروم ہو چکی ہے یہی نہیں بلکہ میں تو اپنے سوئے ہوئے ماضی کی جستجو میں مصروف ہوں ۔ وہ ماضی جو درخشندہ اور تابناک تھا ۔

بادِ صبا کی موج سے نشوو نمائے خار و خس
میرے نفس کی موج سے نشوونمائے آرزو

معانی: بادِ صبا: صبح کی ہوا ۔ موج: لہر ۔ نشوونما: پیدائش ۔ خار و خس: کانٹوں اور گھاس ۔ نشوونما ئے آرزو: خواہشات کا مظاہرہ ۔
مطلب: جس طرح باد صبا کی حیات بخش لہریں گھاس پھوس کو تازگی سے ہم کنار کر کے اس کی نشوونما کا سبب بنتی ہیں اسی طرح میرا آدرش اور پیغام لوگوں کے دلوں میں عملی جدوجہد اور کچھ کرنےکی لگن پیدا کرتا ہے ۔ مراد یہ ہے کہ میرے اشعار پڑھنے والوں میں یقین اور اعتماد کو جنم دیتے ہیں ۔ اس کے علاوہ عشق الہٰی سے روشناس کرا کے روح کو تازگی بخشتے ہیں ۔

خونِ دل و جگر سے ہے میری نوا کی پرورش
ہے رگِ ساز میں رواں صاحبِ ساز کا لہو

معانی: دیکھا جائے تو میں جو اشعار تخلیق کرتا ہوں ان میں میرے قلب و جگر کا لہو شامل ہوتا ہے ۔

فرصتِ کشمکش مدہ ایں دلِ بے قرار را
یک دو شکن زیادہ کن گیسوئے تابدار را

مطلب: اس شعر میں عشق حبیب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال کہتے ہیں کہ تو نے میرے قلب و روح کو جس ولولے اور تڑپ سے روشناس کیا ہے اس میں مزید اضافہ درکار ہے ۔ یہ اضطراب جس قدر زیادہ ہو قلب و روح کو تڑپانے کے ساتھ جلا بھی بخشتا ہے ۔ ولولے اور تڑپ میں اضافہ اوراس کی تشکیل بالکل اسی طرح ہے جس طرح سے محبوب کی تابدار زلفوں کی شکنوں میں اضافے کا مطالبہ کہ ان میں دل الجھ کر رہ جائے ۔

لوح بھی تو، قلم بھی تو، تیرا وجود الکتاب
گنبدِ آبگینہ رنگ تیرے محیط میں حباب

معانی: نظم کے اس بند میں جو چھ اشعار ہیں ان کا مطالبہ کسی حد تک تذبذب کو جنم دیتا ہے کہ شاعر نے عملاً یہ بات واضح نہیں کی کہ ان اشعار کا مخاطب کون ہے ۔ تذبذب اور شکست و شبہ کی فضانے اس لیے جنم لیا کہ بظاہر یہ اشعار باری تعالیٰ سے منسوب کیے جا سکتے ہیں اور پیغمبر آخر الزماں حضور سرورکائنات سے بھی ۔ تاہم اگر سارے بند کا احتیاط اور گہرائی سے جائزہ لیا جائے اور خصوصیت کے ساتھ اس کے چھٹے اور آخری شعر کو پیش نظر رکھا جائے تو یہ معمہ حال ہو جاتا ہے ۔ اقبال اس شعر میں اللہ تعالیٰ سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ تو ہی لوح و قلم کا مالک ہے اور تیرے وجود کا مظہر قرآن ہے ۔ یہاں لوح و قلم کی تراکیب کے حوالے سے رب ذوالجلال کو انسانی تقدیر کا خالق قرار دیا گیا ہے اورا س کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ باری تعالیٰ یہ جو رنگ برنگا اور شفاف آسمان ہے یہ تو تیرے دائرہ کار میں ایک معمولی بلبلے کی حیثیت رکھتا ہے

عالمِ آب و خاک میں تیرے ظہور سے فروغ
ذرہَ ریگ کو دیا تو نے طلوعِ آفتاب

معانی: اے مولائے کل! ہر چند کہ تو نے اب تک انسانی نظروں سے اپنے وجود کو پوشیدہ رکھا ہے لیکن تیرے جلوے کی علامتیں طلوع آفتاب کی شکل میں سامنے آئی جس کی تابندگی نے ریت کے معمولی ذروں کو بھی منور کر دیا ہے ۔ اسی نوع کی علامتیں پوری کائنات میں روشنی اور ارتقاء کا سبب ہیں ۔

شوکتِ سنجر و سلیم، تیرے جلال کی نمود
فقرِ جنید و با یزید، تیرا جمالِ بے نقاب

مطلب: اے باری تعالیٰ سلجوقی خاندان کا جلیل القدر حکمران سنجر اور خاندان عثمانیہ کا مشہور تاجدار سلیم میں جرات ، حوصلے اور پختہ عزم و ارادہ کی جو خصوصیات موجود تھیں ان کو اگر تری شان جلال کا مظہر کہا جائے تو غلط نہ ہو گا ۔ اسی طرح تیری شان جمال حضرت جنید بغدادی اور بایزید بسطامی جیسے مقبول بارگاہ اولیا میں دیکھی جا سکتی ہے ۔

شوق ترا اگر نہ ہو میری نماز کا امام
میرا قیام بھی حجاب، میرا سجود بھی حجاب

مطلب: اگر تیرا عشق میرے سجدہ و نماز کا مقصود و مطلوب نہ ہو تو تیرا دوران نماز میرا قیام بھی بے معنی ہو جاتا ہے اور سجدے میں بھی کوئی کیفیت باقی نہیں رہتی ۔ مراد یہ کہ عشق حقیقی کے بغیر نماز اور سجدہ محض نمائشی حیثیت کا حامل ہے ۔

تیری نگاہِ ناز سے دونوں مراد پا گئے
عقل، غیاب و جستجو، عشق حضور و اضطراب

معانی: غیاب و جستجو: گہرائی سے تلاش کرنا ۔ حضور و اضطراب: سامنے آنا اور پریشان ہونا ۔
مطلب: اگر تیرا کرم ہو تو عقل و دانش اور جذبہ عشق دونوں ہی اپنی مراد پا جاتے ۔ دانش و عقل جو تلاش و جستجو میں لگی رہتی ہے اور جذبہ عشق جو حضوری کا خواہشمند رہتا ہے یہی خواہش اسے مضطرب اور بے قرار رکھتی ہے ۔ چنانچہ وہ لوگ جن میں عقل و دانش نمایاں تھی اور وہ لوگ بھی جو جذبہ عشق سے سرشار تھے بالاخر دونوں ہی تیری عنایات سے مستفید ہونے میں کامیاب و کامران ہو گئے ۔

تیرہ و تار ہے جہاں گردشِ آفتاب سے
طبعِ زمانہ تازہ کر جلوہَ بے حجاب سے

مطلب: اے مولا! اب صورت حال یہ ہے کہ سورج کی گردش جاری رہنے کے بعد بھی ساری دنیا تاریکی میں ڈوبی ہوئی ہے لہذا یہ خواہش اب ناگزیر ہو گئی ہے کہ پردے سے باہر آ کر اپنا جلوہ دکھا تا کہ ساری دنیا اس سے منور اور تروتازہ ہو جائے ۔ مراد یہ ہے کہ تیری عنایات کے باوجود آج بھی لوگوں کے دل تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ برائیاں ہر سو فروغ پا رہی ہیں اور نیکی کی طاقتیں کمزور پڑتی جا رہی ہیں ایسے میں ضروری ہے کہ تو اپنا جلوہ دکھا کر انسان کے سینوں کو اس کی روشنی سے منور کر دے ۔

تیری نظر میں ہیں تمام میرے گزشتہ روز و شب
مجھ کو خبر نہ تھی کہ ہے علمِ نخیل بے رطب

معانی: نخیل بے رطب: کھجوروں کا بغیر پھل کا درخت ۔
مطلب: میں جانتا ہوں کہ میرا ماضی اور عمل تجھ سے پوشیدہ نہیں ہے جہاں تک میرے کردار کا تعلق ہے میں تو اس حقیقت سے بھی بے خبر رہا کہ علم ایک شجر بے ثمر کے مانند ہے اور میں تھا کہ کم و بیش ساری عمر ہی حصول علم میں گزار دی ۔ اس طرح ایک ایسے سائے کے عقب میں دوڑتا رہا جس میں جذبہ عشق کا فقدان تھا ۔

تازہ مرے ضمیر میں معرکہَ کہن ہوا
عشق تمام مصطفی ! عقل تمام بُولہب

مطلب: لیکن اب جو اپنے اسلاف کی زندگی بھر کا جائزہ لیا تو مجھ پر یہ حقیقت منکشف ہو گئی کہ عشق حقیقی کی مظہر تو ذات محمد مصطفی ہے اور اس کے مقابلے میں جو عقل و دانش ہے وہ کار بولہبی کے سوا اور کچھ نہیں ۔ عقل و خرد تو ہوس خام کا دوسرا نام ہے ۔ اگر زندگی کا حقیقی مقصود پانا ہے اور کچھ حاصل کرنا ہے تو اس کا منبع ذات محمد مصطفی کے سوا اور کوئی نہیں ہے ۔

گاہ بحیلہ می برد، گاہ بزور می کشد
عشق کی ابتدا عجب! عشق کی انتہا عجب

مطلب: اے باری تعالیٰ اب مجھ پر یہ راز آشکار ہو سکا ہے کہ عشق کی ابتدا اور اس کی انتہا دونوں عجیب و غریب ہیں ۔ کبھی تو یہ ایسی تدبیروں سے کام لیتا ہے جو فرد کو منزل مراد تک پہنچانے میں مدد دیتی ہیں او کبھی بزور قوت اس کی توجہ اپنی جانب منعطف کراتا ہے جہاں تک میری ذات کا تعلق ہے مجھے موخر الذکر صورت حال سے واسطہ پڑا ۔ یوں عشق نے مجھے عقل و دانش کے دام سے چھڑا کر ایک مثبت کیفیت سے آشنا کر دیا ورنہ میرے مشاغل تو قطعی اس کے برعکس تھے ۔

عالمِ سوز و ساز میں وصل سے بڑھ کے ہے فراق
وصل میں مرگِ آرزو! ہجر میں لذتِ طلب

معانی: مرگِ آرزو: خواہشات کی موت ۔ لذت طلب: طلب کا مزا ۔
مطلب: عشق حقیقی نے یہ بھید بھی آشکار کر دیا کہ اس عمل میں ہجر اور جدائی کو وصل حبیب پر فوقیت حاصل ہے وصل میں تو انسان اپنی خواہش اور آرزو کی تکمیل سے آسودہ ہو جاتا ہے لیکن ہجر میں محبوب کی طلب اور اس سے پیدا ہونے والی تڑپ برقرار رہتی ہے اور یہی تڑپ عاشق کے لیے زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ بن جاتی ہے ۔

عینِ وصال میں مجھے حوصلہَ نظر نہ تھا
گرچہ بہانہ جو رہی میری نگاہِ بے ادب

معانی: بہانہ جو: بہانے تلاش کرنے والی ۔ نگاہِ بے ادب: وہ نگاہ جو محبوب کو دیکھنے کے لیے اٹھ جائے ۔
مطلب: یہ میری بدبختی ہی تو ہے کہ جب محبوب کے وصل کا مرحلہ آیا تو مجھے اس کی جانب ایک نگاہ ڈالنے کی ہمت نہ ہوئی حالانکہ میری شوخ نگاہیں عرصے سے دیدار محبوب کی متلاشی تھیں یوں وصل کی خواہش اور عمل بھی ادھورا رہا ۔

گرمیِ آرزو فراق! شورشِ ہائے و ہُو فراق
موج کی جستجو فراق! قطرہ کی آبرو فراق

معانی: شورشِ ہائے وہو: ہجر میں عاشق کی آہ و فغاں ۔ فراق: جدائی ۔ موج کی جستجو: پانی کی لہر کی کوشش و طلب ۔ آبرو: عزت ۔
مطلب: سو اس ساری بحث کا نتیجہ یہ برآمد ہوا کہ عشق حقیقی میں ہجر و فراق کی کیفیت ہی سب سے اہم شے ہے ۔ آرزو اور خواہش اسی کیفیت میں برقرار رہتی ہیں اور تمام نالہ و فریاد بھی اسی کے دم سے زندہ ہیں ۔ اس کی مثال سمندر میں موج کی سی ہے جو اس سے علیحدگی کے لیے مضطرب اور بے قرار رہتی ہے اسی کے سبب سمندر میں تلاطم پیدا ہوتا ہے ۔ دور کیوں جائیں ایک قطرہ آب کو ہی لیجیے جو پانی میں مل کر اپنی ہستی سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے اس کی آبرو تو اسی لمحے تک قائم رہتی ہے جب تک وہ سمندر سے علیحدہ رہ کر اپنے وجود کو برقرار رکھتا ہے ۔ مراد یہ کہ اپنی انفرادیت برقرار رکھ کر فرد اپنی شناخت کرا سکتا ہے اور یہی انفرادیت اس کو منزل کا پتہ دیتی ہے ۔

———————–

Transliteration

Zauq-o-Shauq
(In Asha’ar Mein Se Aksar Palestine Mein Likhe Gaye)

‘Daraig Amdam Zaan Hama Bostan
Tahi Dast Raftan Suay Dostan

(2)
Qalb-o-Nazar Ki Zindagi Dast Mein Subah Ka Saman
Chasma’ay Aftab Se Noor Ki Nadiyan Rawan

(3)
Husn-e-Azal Ki Hai Namood, Chaak Hai Parda’ay Wajood
Dil Ke Liye Hazar Sood, Aik Nigah Ka Ziyan

(4)
Surkh-o-Kabood Badaliyan Chor (Chodh) Gaya Sihab-e-Shab
Koh-e-Idm Ko De Gaya Rand Barang Teelsiyan

(5)
Gard Se Pak Hai Hawa, Barg-e-Nakheel Dhul Gaye
Raig-e-Nawah-e-Kazimah Naram Hai Misl-e-Parniyan

(6)
Aag Bujhi Hui Idhar, Tooti Hui Tanab Udhar
Kya Khabar Iss Maqam Se Guzaray Hain Kitne Karwan

(7)
Ayi Sada’ay Jibreel, Tera Maqam Hai Yehi
Ahl-e-Faraak Ke Liye Ayesh-e-Dawam Hai Yehi

(8)
Kis Se Kahon Ke Zehar Hai Mere Liye May’ay Hiyat
Kuhna HAi Bazm-e-Kainat, Taza Hain Mere Wardaat

(9)
Kiya Nahin Aur Ghaznavi Kargah-e-Hiyat Mein
Baithe Hain Kab Se Muntazir Ahl-e-Harm Ke Soumanaat

(10)
Zikr-e-Arab Ke Souz Mein, Fikr-e-Ajam Ke Saaz Mein
Nay Arabi Mushahidaat, Nay Arbi Takhayyulaat

(11)
Kafla’ay Hijaz Mein Aik Hussain(R.A.) Bhi Nahin
Garcha Hai Tabdaar Abhi Gaisu’ay Dajla-o-Firat

(12)
Aqal-o-Dil-o-Nigah Ka Murshid-e-Awaleen Hai Ishq
Ishq Na Ho Tou Sharaa-o-Deen, Bott Khudda’ay Tasawwarat

(13)
Sidq-e-Khalil(A.S.) Bhi Hai Ishq, Sabr-e-Hussain(R.A.) Bhi Hai Ishq
Maarka’ay Wajood Mein Badar-o-Hunain Bhi Hai Ishq

(14)
Aaya’ay Kainat Ka Ma’ani-e-Deeryaab tu
Nikle Teri Talash Mein Kafla Ha’ay Rang-o-Bu

(15)
Jalwatiyan-e-Madrasah Kour Nigah-o-Murda Zauq
Khalwatiyan May Kuda Kam Talab-o-Tahi Kadu

(16)
Main Ke Meri Ghazal Mein Hain Aatish-e-Rafta Ka Suragh
Meri Tamam Sarguzhast, Khuay Huwon Ki Justajoo

(17)
Baad-e-Saba Ki Mouj Se Nashonuma’ay Khar-o-Khs
Mere Nafs Ki Mouj Se Nashonuma’ay Arzoo

(18)
Khoon-e-Dil-o-Jigar Se Hai Meri Nawa Ki Parwarish
Hai Rag-e-Saaz Mein Rawan Sahib-e-Saaz Ka Lahoo

(19)
‘Fursat-e-Kashmakash Madah Ayen Dil-e-Beqarar Ra
Yak Do Shikan Ziada Kun Ghaisu’ay Tabdaar Ra’

(21)
Alim-e-Aab-o-Khak Mein Tere Zahoor Se Faroug
Zarra’ay Raig Ko Diya Tu Ne Tulu-e-Aftab

(22)
Shoukat-e-Sanjar-o-Saleem Tere Jalal Ki Namood
Faqr-e-Junaid(R.A.)-o-Bayazeed(R.A.), Tera Jamal-e-Be-Naqab

(23)
Shauq Tera Agar Na Ho Meri Namaz Ka Imam
Mera Qiyam Bhi Hijab, Mera Sajood Bhi Hijab

(24)
Teri Nigah-e-Naaz Se Dono Murad Pa Gaye
Aqal Ghiyab-o-Justajoo, Ishq Huzoor-o-Iztarab

(25)
Teerah-o-Taar Hai Jahan Gardish-e-Aftab Se
Taba-e-Zamana Taza Kar Jalwa’ay Behijab Se

(26)
Teri Nazar Mein Hain Tamam Mere Guzishta Roz-o-Shab
Mujh Ko Khabar Na Thi Ke Hai Ilm-e-Nakheel-e-Be-Rutab

(27)
Taza Mere Zameer Mein Ma’arka’ay Kuhan Huwa
Ishq Tamam Mustafavi(S.A.W.), Aqal Tamam Bu-Lahab

(28)
Gah Bahila Mee Burad, Gah Bazor Mee Kusah
Ishq Ki Ibtada Ajab, Ishq Ki Intaha Ajab

(29)
Alim-e-Souz-o-Saaz Mein Wasal Se Barh Ke Hai Firaaq
Wasal Mein Marg-e-Arzoo, Hijar Mein Lazzat-e-Talab

(30)
Ayen-e-Wisal Mein Mujhay Hosla’ay Nazar Na Tha
Gharcha Bahana Joo Rahi Meri Nigah-e-BeAdab

(31)
Garmi-e-Arzoo Firaaq, Shorish-e-Ha’ay-o-Hu Firaaq
Mouj Ki Justajoo Firaaq, Qatre Ki Abroo Firaaq !

————————–

Ecstasy
 (Most of these verses were written in Palestine)

I could not go to my friends empty handed
From an orchard!—Saadi

Life to passion and ecstasy—sunrise in the desert:
Luminous brooks are flowing from the fountain of the rising sun

The veil of being is torn, Eternal Beauty reveals itself:
The eye is dazzled but the soul is richly endowed.

The heavy night‐cloud has left behind it red and blue cloud-lets:
It has given a head‐dress of various hues to the Mount Idam to wear.

Air is clean of dust particles; leaves of datepalms have been washed;
The sand around Kazimah is soft like velvet.

The remains of burnt‐out fire are observable here and a piece of tent‐rope there:
Who knows how many caravans have passed through this tract.

I heard the angel Gabriel saying to me: This indeed is your station—
For those acquainted with the pleasure of separation, this is the everlasting comfort.
To whom should I say that the wine of life is poison to me:
I have new experiences while the universe is decadent entire.
Is there not another Ghaznavi in the factory of Life?—
The Somnaths of the People of the Harem have been awaiting a blow for long.
The Arabian fervour and the Persian comfort
Have both lost the Arabian acuteness and the Persian imagination.
The Caravan of Hijaz has not another Husain amongst it—
Although the tresses of the Tigris and the Euphrates are still as bright as ever.
Intellect, heart and vision, all must take their first lessons from Love—
Religion and the religious law breed idols of illusion if there is no Love.
The truthfulness of Abraham is but a form of Love, and so is the patience of Husain—
And so are Badr and Hunayn in the battle of existence.
The universe is a verse of God and you are the meaning to be grasped at last;
Colour and scent are the caravans that set forth to seek you.
The disciples in the schools are insipid and purblind;
The esoteric of the monastery have low aims with empty bowls;
I—whose ghazal reflects the flame that has been lost,
All my life I pined after the type of men that exists no more.
The zephyr nurtures thorn and straw,
While my breath nurtures passion in hearts;
My song thrives upon my lifeblood:
The strings of the instrument become alive with the blood of the musician.
Give not occasion for conturbation to this restless heart;
Bright are your tresses, brighten them even more.
You are the Sacred Tablet, You are the Pen and the Book;
This blue‐colored dome is a bubble in the sea that you are.
You are the lifeblood of the universe:
You bestowed the illumination of a sun upon the particles of desert dust.
The splendour of Sanjar and Selim: a mere hint of your majesty;
The faqr of Junaid and Bayazid: your beauty unveiled.
If my prayers are not led by my passion for you,
My ovation as well as my prostrations would be nothing but veils upon my soul.
A meaningful glance from you redeemed both of them:
Reason—the seeker in separation; and Love—the restless one in Presence.
The world has become dark since the sun has set down;
Unveil your beauty to dawn upon this age.
You are a witness on my life so far:
I did not know that Knowledge is a tree that bears no fruit.
The old battle was then revived in my conscience:
Love, all Mustafa; Reason, all Abu Lahab.
It persuaded me with art, it pulled me by force:
Strange is Love at the beginning, strange in its perfection!
Separation is greater than union in the state of ecstasy;
For union is death to desire while separation brings the pleasure of longing.
In the midst of the union I dared not cast a glance;
Though my audacious eye was looking for a pretence (pretend).
Separation is the warmth of hot‐pursuit; it is at the heart of fond lamentation—
It is why the wave is in search; it is why the pearl is precious.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button